لکھنؤ،11/جون (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش میں 69 ہزار اساتذہ کی بھرتی میں گھوٹالہ سامنے آیا ہے۔ اسسٹنٹ ٹیچر کی تقرری امتحان کے ٹاپر دھرمیندر پٹیل یہ بھی نہیں بتاسکے کہ ملک کے صدرجمہوریہ کون ہیں؟
دھرمیندر شادی کی تقریبات میں ڈی جے بجاتا ہے۔ اب وہ پولیس گرفت میں ہے۔ عدالتی حکم کے بعد ایس ٹی ایف تقرری عمل کی جانچ کر رہا ہے۔ پریاگ راج پولیس نے دھرمیندر اور 9 دیگر افراد کو روزگار کے نام پر رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا۔ ان میں سے تین تقرری امتحان پاس کرنے والے امیدوار ہیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ تفتیش کے دوران دھرمیندر جنرل نالج کے سوالوں کا جواب بھی نہیں دے سکے۔ ایس ایس پی ستیارتھ انیرود پنکج کا کہنا ہے کہ تقرری گھوٹالے کا اصل ملزم کے ایل پٹیل ہے، جو پہلے ضلع پنچایت ممبر بھی تھا۔ بنیادی وزیر تعلیم ستیش چندر درویدی نے منگل کے روز کہا تھا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد تقرری کا عمل ملتوی کردیا گیا ہے۔ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔تقرری کا عمل دسمبر 2018 میں شروع ہوا تھا، لیکن تنازعات کی وجہ سے معاملہ عدالت میں چلا گیا۔